حکومت ہاتھ سے جانے لگی تو عمران خان کورونا کی صدائیں لگانے لگے، پی پی

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے عمران خان کے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکر ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں کے بہانے عمران خان کو کرونا کا خیال تو آیا، جب حکومت ہاتھ سے نکلنے لگی تو عمران خان کورونا وائرس کی صدائیں لگانے لگے۔

شیری رحمان نے کہاکہ اپوزیشن عمران خان اور کورونا وائرس دونوں سے عوام کو نجات دلائے گی، جس کورونا کو عمران خان معمولی زکام کہتے تھے، آج اس کا نام لے کر ڈرا رہے ہیں، عوام نے عمران خان کو اپنے تیور دکھائے تو انہیں کرونا یاد آگیا، پہلے عمران خان کورونا کو سندھ حکومت کا بہانہ کہتے کہتے نہ تھکتے تھے۔

شیری رحمان نے سوال کیا کہ عمران خان وضاحت کریں کہ کیا کورونا وائرس صرف اپوزیشن کے جلسوں سے پھیلتا ہے؟ ۔

شیری رحمن نے نصیحت کی کہ عمران خان کبھی خود بھی عوامی مقامات پر ماسک پہن لیا کریں۔ انہوں نے کہاکہ جس تصویر میں دیکھو، عمران خان بغیر ماسک کے نظر آتے ہیں اور دوسروں کو تلقین کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے اپوزیشن کے جلسے ہوں گے، عمران خان خود تو کورونا وائرس کی ایس او پیز کا خیال نہیں رکھتے اور دوسروں پر اعتراض کررہے ہیں۔

عمران خان اپوزیشن کے جلسوں کی پیروی کرتے ہوئے ملک میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کا نفاذ کریں۔

یہ بھی پڑھیں

نیب کو تسلیم ہی نہیں کرتے،اسکے نوٹس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، مولانا فضل الرحمن

پارٹی کارکنوں اور قریبی رفقاء کو احتسابی ادارے کے نوٹس کردار کشی کی روایتی مہم …