محکمہ صحت کے امور کی تیزتر انجام دہی کیلئے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم شروع

محکمہ صحت کے امور کی تیزتر انجام دہی کیلئے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم شروع

جولائی تک صوبے کی تمام آبادی کو صحت انصاف کارڈ مہیا کریں گے، شہرام ترکئی

پشاور(جنرل رپورٹر)صوبہ خیبر پختونخواکے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی کمی کو دور اور ادویات کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت نے فوری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ محکمے میں پوسٹنگ ٹرانسفر کے لیے شفاف پالیسی مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ اس سال کے وسط تک صوبے کی تمام آبادی کو صحت انصاف کارڈ بھی فراہم کئے جائیں گے۔

محکمہ صحت کے امور اور صوبائی حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے ٹاسک کی تیز تر انجام دہی کے لئے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم شروع کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت میں یہ اقدامات اٹھانے کا اعلان خیبرپختونخوا کے وزیر صحت شہرام خان ترکئی نے ہیلتھ سیکرٹریٹ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر طاہر ندیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیر کا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر محکمہ صحت کی باگ ڈور دوبارہ سنبھالی ہے اور صحت نظام کو بہتر کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانا شروع کردیا گیاہے۔ ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایک ماہ کے اندر 1500 کے قریب ڈاکٹرز بھرتی کر رہے ہیں جن کے انٹرویوز آج سے شروع ہو رہے ہیں۔

یہ ڈاکٹرز جس ہسپتال میں بھرتی ہوں گے وہیں رہیں گے انہیں ٹرانسفر نہیں کیا جائے گا۔ بنیادی ہیلتھ کیئر اور چھوٹے ہسپتالوں میں عملے سمیت تمام سہولیات مہیا کریں گے تاکہ بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم ہو اور عوام کو نزدیک ترین  مرکز صحت میں سہولیات دستیاب ہوسکے۔

وزیرِ صحت نے کہا کہ محکمہ میں خودکار نظام لا رہے ہیں جس سے سفارش کلچر ختم ہوگا اور تمام تر تعیناتیاں اور تبادلے سو فیصد میرٹ پر ہوں گے۔ یہ عمل سال میں ایک دفعہ ہو گا اور ٹرانسفر پوسٹنگ کے لیے آن لائن درخواستیں لی جائیں گی تاکہ محکمہ کا کوئی ملازم خوا وہ ڈاکٹر ہو یا نرس یا کوئی دیگر اہلکارکسی کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

Google+ Linkedin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

*
*
*