ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کا لوگو جاری، کرک میں 38 کلو میٹر سڑک کی تعمیر و بحالی کے معاہدے پر دستخط

ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کا لوگو جاری، کرک میں 38 کلو میٹر سڑک کی تعمیر و بحالی کے معاہدے پر دستخط

موجودہ دور میں ترقی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر ممکن نہیں ،آئی ٹی شعبے کو ترقی دینے کیلئے صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے، وزیراعلیٰ

کرک تا بانڈہ دائود شاہ سڑک کی تکمیل سے سفری سہولیات میں آسانی ہوگی، منصوبے سے تقریباً 30ہزار مقامی افراد مستفید ہوں گے، محمود خان

پشاور(وقائع نگار)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ڈیجیٹل خیبرپختونخوا 2020 لوگو کی باقاعدہ رونمائی کرکے رواں برس کو صوبے میں ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے انقلابی سال قرار دیا ہے اورہدایت کی ہے کہ تمام محکمے عوامی خدمات میں شفافیت لانے اورغیر ضروری تاخیر کے خاتمے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کے بارے تفصیلی لائحہ عمل مرتب کرے۔

وزیراعلی نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ترقی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر ممکن نہیں ہے،آئی ٹی شعبے کو ترقی دینے کے لئے صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ ڈیجٹیل خیبرپختونخوا 2020 لوگو (LOGO)کی رونمائی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ محمود خان نے رواں سال کو صوبہ بھر میں ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے سال کے طور پر منانے کا اعلان بھی کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ صوبے کے 700 سے زائد نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے ملک کی پہلی بی پی او ریڈی فیسیلٹی(Business Process Out Sourcing Ready Facility) کا آغاز ہوچکا ہے، دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی سربراہی میں ضلع کرک بانڈہ داؤد شاہ سے علاقہ گور گورے تک 38کلومیٹر سڑک کی مرمت و بحالی کے معاہدے پر دستخط بھی ہوئے ۔

معاہدے کی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ منصوبے کی تکمیل سے مقامی لوگوں کو سفری سہولیات میں  مزید آسانی میسر ہو گی جبکہ منصوبے سے تقریباً 30ہزار مقامی افراد مستفید ہوں گے۔ منصوبہ 495.04 ملین روپے کی لاگت سے 18مہینوں میں مکمل کیا جائیگا۔

ادھروزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع صوابی میں125 ایکٹر اراضی پر عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن میں مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے 600.95 ملین روپے گرانٹ کی منظوری دی ہے جبکہ منصوبے کورواں سال اے ڈی پی میں شامل کرنے کیلئے ہوم ورک مکمل کرکے حتمی سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن راشد میموریل ٹرسٹ کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا۔

عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر کیلئے 224 ملین روپے ، الیکٹرک انسٹالیشن کیلئے 151.76 ملین روپے ، نکاسی آب ، پلمبنگ اور گیس انسٹالیشن کیلئے 112.50 ملین روپے ، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے 80 ملین روپے جبکہ نیٹ ورک اور آئی ٹی کیلئے 32.69 ملین روپے فنڈزصوبائی حکومت فراہم کرے گی۔

Google+ Linkedin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

*
*
*