پشاور، رقم کے تنازعہ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے2ماموں زاد جاں بحق، ایک زخمی

پلاٹ کی رقم وصول کرنے کیلئے ذوہیب، گوہر اور مشال اپنے دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ لاہوری گیٹ پہنچے تو نعمان اور عمر نے فائرنگ کردی
مشال کی حالت تشویشناک ، ملزمان واردات کے بعد فرارہونے میں کامیاب، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی

پشاور(کرائمز رپورٹر)پشاور کے علاقہ گلبہار محلہ اسلام آباد میں پلاٹ کے رقم کے تنازعہ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 2جوانسال ماموں زاد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا، ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں خالد حسین ولد نگاہ حسین ساکن محلہ اسلام آباد نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل اس نے بیرون لاہوری گیٹ میں واقع اپنا پلاٹ نعمان پر فروخت کیا تھا، بدھ کے روز حسب وعدہ وہ اپنے بیٹوں 27 سالہ ذوہیب، مشال ،سلطان، بھانجوں گوہر ولد مسافر ساکن ناگمان اور ملک نعیم ولد ملک جہانگیر کے ہمراہ رقم کی وصولی کیلئے پلاٹ کی جگہ پر گیا جہاں نعمان ولد سعادت ساکن محلہ اسلام آباد اپنے ساتھی عمر ولد ارشد حسین کے ہمراہ وہاں آگیا اور رقم دینے کے بجائے ان کے ساتھ تکرار کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں اس کے بیٹے ذوہیب ، مشال اور بھانجا گوہر لگ کر زخمی ہوگیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔

خالد حسین نے بتایا کہ زخمیوں کو مقامی افراد کی مدد سے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ذوہیب اور گوہر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ مشال زیر علاج ہے جس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

صوبہ بھر میں لاک ڈاؤن کا بارہواں دن ،شہری محصور، زندگی معطل ہو گئی

پشاور(سٹاف رپورٹر)پشاور سمیت صوبہ بھر میں لاک ڈاؤن کا بارھواں دن بھی جا ری رہا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔