گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں، رپورٹ ہائی کورٹ میں جمع

پشاور(اے پی پی)چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس قیصر رشید خان کے احکامات پر پشاور میں گرانفروشوں کیخلاف کاروائیوں اور معائنوں سے متعلق رپورٹ پشاورہائیکورٹ میں جمع کردی ہے جسکے مطابق 2عشروں کے دوران کاروباری مراکزکے 6091 معائنے کئے گئے، 1365 دکانداروں کو گرفتار کر تے ہوئے 296 دکانوں کو سیل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمودکی جانب سے پشاورہائیکورٹ میں جمع کی گئی رپورٹ کے مطابق رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ پشاور کے افسران صبح صادق کے وقت روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں کا دورہ کر تے ہوئے بولی کے عمل کی نگرانی کر کے سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا تا ہے۔

انتظامی افسران پشاور بھر کا دورہ کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی اور گرانفروش دکانداروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائیاں کرتے ہیں۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ پشاور کے افسران نے رمضان کے دوران کاروباری مراکز کے 6091 معائنے کیے جس میں قصابوں، شیرفروشوں، سبزی و پھل فروشوں، جنرل سٹور مالکان، نانبائی اور دیگر کاروباری مراکز کے معائنے کیے گئے۔معائنوں کے دوران گرانفروشی پر 1365 دکانداروں کو گرفتار کر تے ہوئے 296 دکانوں کو سیل کیا گیا۔ان گرفتار دکانداروں میں 558 قصاب، 187 شیر فروش اور620 دیگر دکانداران جن میں نانبائی، سبزی و پھل فروش، جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل تھے۔

گرفتار 1365 دکانداروں کو27لاکھ 36ہزارروپے جرمانہ کیاگیا۔اسی طرح پشاور میں پانچ مقامات پر رمضان سستا بازار لگائے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی ان بازاروں میں عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ 50 سے زائد رمضان سستا موبائل دکانیں پشاور کے مختلف علاقوں میں عوام کو ان کی دہلیز پر روزانہ کی بنیاد پر سستی اور معیاری اشیاء فراہم کر رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے پشاور کے مختلف علاقوں میں سستا بازاروں سمیت دیگر بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے اشیاء خوردنوش کی دستیابی کا جائزہ لیا اور مزید بہتری کیلئے احکامات جاری کئے ہیں۔اس دوران یونیورسٹی روڈ، صدر، جی ٹی روڈ، تحصیل سٹی، صدر، شاہ عالم،متنی، یکہ توت، اندرون شہر، فقیر آباد، حیات آباد، چارسدہ روڈ، کوہاٹ روڈ ، باڑہ روڈ اور پشتہ خرہ کے علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے گرانفروشی پر بیشتر دکانداروں کو گرفتار کیا۔

یہ بھی پڑھیں

چترال اورشمالی وزیرستان میں زعفران کی کاشت کاکامیاب تجربہ

پشاور(نیوز رپورٹر)گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کی زیرصدارت زعفران کی کاشت منصوبہ سے متعلق منگل کے روز گورنرہاؤس …