ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اسٹاف اور صحافی اپنا پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں، اجمل وزیر

پشاور: خیبر پختونخواہ کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں پلازمہ سے علاج شروع ہوچکا ہے اور 2 ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس اسٹاف کے ایک ممبر نے اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں پلازمہ سےعلاج شروع ہو چکا ہے، سب سے پہلے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے 2 ڈاکٹرز نے پلازمہ عطیہ کیا۔

اجمل وزیر کے مطابق پیرا میڈیکس اسٹاف ممبر نے بھی اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے، 4 صحافی بھی پلازمہ عطیہ کرنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پختونخواہ میں صحت کا نظام کرونا سے لڑ رہا ہے، کرونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں، صحتیاب افراد کا پلازمہ عطیہ کرنے کا جذبہ لائق تحسین ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہم سب کا فرض ہے، عید سادگی سے منائی اور طیارہ حادثے کے شہدا، کرونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز، طبی عملے اور شہدا کے نام کی۔

انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہوا تو لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر سوچنا پڑے گا، ایک قوم بن کر ہم سب نے مل کر اس کرونا وائرس کو شکست دینی ہے۔

مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب اور زلزلے جیسی آفات کا ہم نے مل کر مقابلہ کیا، احتیاط نہ کرنے سے صورتحال گھمبیر ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سربراہ چائلڈ پروٹیکشن کمیشن کی تعیناتی میں تاخیر پر برہم

کمیشن سربراہ کی جلد تعیناتی کی راہ میں حائل پیچیدگیوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ …