کورونا کی وجہ سے معاشی و اقتصادی چیلنجز کا سامنا ہے، تیمور سلیم جھگڑا

چیلنجز کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کیلئے ریکارڈ بجٹ رکھا گیا ہے، صوبائی وزیرخزانہ

پشاور(سٹاف رپورٹر)کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے سب ہی ممالک کو معاشی بحران کا سامنا ہے۔ موجودہ صورتحال میں معاشی و اقتصادی چیلنجز کے باوجود ریکارڈ ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے۔ خیبرپختونخوا کا فی کس ترقیاتی بجٹ دیگر تمام صوبوں سے زیادہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے معاون خصوصی برائے کان کنی و معدنیات اور ممبران صوبائی اسمبلی ارباب وسیم اور پختون یار سے ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر عارف احمد زئی اور ایم پی ایز نے مشکل حالات کے باوجود ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر وزیر خزانہ کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی صوبے میں کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کے تدارک کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ اراکین صوبائی اسمبلی اور معاون خصوصی نے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں وزیر خزانہ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے معاشی و اقتصادی چیلنجز کا سامنا ہے۔

صوبائی حکومت کی اولین ترجیح عوام کی صحت اور اس وباء سے کم سے کم نقصان کے ساتھ گزرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درپیش تمام تر معاشی و اقتصادی چیلنجز کے باوجود خیبرپختونخوا کا فی کس ترقیاتی بجٹ سندھ اور پنجاب سے زیادہ ہے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ حکومت کا حجم اور اخراجات کم کر کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے تو روزگار کے زیادہ مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کی توجہ صوبے کے ان عوام پر ہے جن کے پاس مستقل وسیلہ روزگار نہیں۔ انہوں نے ممبران صوبائی اسمبلی اور معاون خصوصی معدنیات کو ان کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز اور مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں

ملگری لیکوالان کی آرگنائزنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس،آئین و منشور کیلئے کمیٹی تشکیل

صدارت خادم حسین نے کی ،کمیٹی میں حیات روغانی، روخان یوسفزے، بیدار اصلزے اور طارق …