عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے ترجمان اسد خان اچکزئی کی غائبانہ نماز جنازہ باچا خان مرکز پشاور میں ادا کر دی گئی

پاکستان میں پختونوں سے دیگر حقوق کے ساتھ جینے کا حق بھی چھینا جارہا ہے، حاجی غلام احمد بلور کا خطاب


پشاور: عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے ترجمان اسد خان اچکزئی کی غائبانہ نماز جنازہ باچا خان مرکز پشاور میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں پارٹی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور، مرکزی نائب صدر حسین شاہ یوسفزئی، مرکزی سیکرٹری مالیات حاجی ہدایت اللہ اور صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک سمیت دیگر قائدین اور کثیر تعداد میں پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔ غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد اجتماعی دعا کی گئی۔

اس موقع پر پارٹی کے بزرگ رہنما اور سابق وفاقی وزیر حاجی غلام احمد بلور نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پختونوں سے دیگر حقوق کے ساتھ جینے کا حق بھی چھینا جارہا ہے، پچھلے چالیس سال سے پختون قوم کی نسل کشی جاری ہے، پختونوں کو کبھی ایک نام سے تو کبھی دوسرے نام سے مارا جارہا ہے۔ پختون قوم کو دہشتگردی کی ایک ایسی جنگ میں دھکیل دیا گیا ہے جس میں مرنے والے اور بدنام ہونے والے دونوں پختون ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوامی نیشنل پارٹی نے سینکڑوں کارکنان کی قربانیاں دی ہیں، مزید اس سلسلے کو روکنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان شہریوں کو یہ ضمانت دیتا ہے کہ ان کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، لیکن ریاست اپنی ذمہ داری میں غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے، دن دیہاڑے لوگ اغوا ہورہے ہیں، ان کی مسخ شدہ لاشیں مل رہی ہیں لیکن ریاست اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں، ایسے اقدامات پختونوں سمیت تمام مظلوم قومیتوں میں احساس محرومی کو پروان چڑھا رہے ہیں، ریاست اور متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔

عوامی نیشنل پارٹی کا موقف اور مطالبہ ہے کہ تمام لاپتہ افراد کو عدالتوں میں پیش کیا جائے ان کا صاف اور شفاف ٹرائیل کیا جائے، جو قصوروار ہیں ان کو قانون اور آئین کے مطابق سزا دی جائے اور جو بے گناہ ہیں ان کو باعزت چھوڑا جائے، عوامی نیشنل پارٹی نے اسد خان اچکزئی سمیت تمام لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی کے لئے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے لیکن بدلے میں ہمیں ان کی لاش دی گئی۔

عوامی نیشنل پارٹی اسد خان اچکزئی کے اغوا سے لے کر ان کی لاش کی برآمدگی تک کے تمام عوامل کی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے، اے این پی مطالبہ کرتی ہے کہ اس سانحے میں ملوث تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جائے اور ان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں

سلیم راز کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہیں ہوسگے گا، سردار حسین بابک

چارسدہ: عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردا ر …