حکومت صوبہ کےحقوق کےتحفظ میں ناکام نظر آرہی ہے، سکندرشیرپاؤ

خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کے باوجود بھی مہنگی بجلی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

پشاور(نیوز رپورٹر )قومی وطن پارٹی کی صوبائی کابینہ نے شہید وطن حیات محمد خان شیرپائو کی آنے والی برسی شان و شوکت اور عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختونوں کے حقوق کے حصول کیلئے شہید کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔وطن کور پشاور میں پارٹی کی صوبائی کابینہ کا اجلاس زیر صدارت صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ منعقد ہوا جس میں تین نکاتی ایجنڈاپر گفتگو ہوئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبہ کے حقوق کے تحفظ میں ناکا م رہی ہے کیونکہ وفاقی حکومت بجلی خالص منافع کی ادائیگی میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔انھوں نے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کے باوجود بھی مہنگی بجلی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صوبہ کی صنعتوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے جو پہلے سے امن و امان کی خراب صورتحال اور کورونا کی بدولت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤ نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ ان کی جماعت پختونوں کے حقوق کے حصول ، این ایف سی اور اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کی بدولت صوبائی خود مختاری کا خواب تو شرمندہ تعبیر ہوا مگر وفاقی حکومت اس کے خاتمے کے درپے ہیں۔انھوں نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کی حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت بے روزگاری،مہنگائی اورپٹرولیم مصنوعات ، بجلی و گیس کی قیمتوں میں روزمرہ کی بنیاد پر اضافہ سے عاجز آچکے ہیں اور ان میں شدید مایوسی پائی جارہی ہے۔

اجلاس میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی کابینہ کے اراکین ہاشم بابر،طارق احمد خان،اسد آفریدی ایڈوکیٹ ،شمشیر خان،افضل خان پنیالہ،پروفیسر حمیدالرحمان،ڈاکٹر فاروق افضل،اخونزادہ سکندر زمان،ڈاکٹر عالم یوسفزئی،ڈاکٹر فائزہ رشید،امان اللہ خان،افتخار خان زیدہ،تانیہ گل ایڈوکیٹ،مرزا باچہ اورانجینئر یوسف زمان کے علاوہ سید فیاض علی شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں

پی کے 63 میں ووٹ چوری کے ثبوت الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیے، پرویز خٹک

وزیر دفاع پرویز خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے …