عوام جمہوریت بحالی کی جنگ کیلئے تیار ہیں، سردار حسین بابک

آمرانہ سوچ اور حکومتوں نے ملک کو تباہ کر کے رکھ دیا ‘ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتیں جمہوریت کی بحالی کا نعرہ لگا رہی ہیں

پشاور (نیوز رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ عوام جمہوریت کی بحالی کے جنگ کے لئے تیار ہیں، عوام باشعور ہوچکے ہیں اور ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

باچا خان مرکز پشاور سے جاری ہونے والے بیان میں اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کا کہنا ہے کہ ملک کے طول و غرض میں سارے مسائل کا حل عوامی حکمرانی میں مضمر ہے، آمرانہ سوچ اور آمرانہ حکومتوں نے ملک کو تباہ وبرباد کر کے رکھ دیا ہے، ملک میں کسی فرد کو تحفظ حاصل نہیں، 22 کروڑ عوام اپنا حق حکمرانی چھیننے کے لئے قومی فریضہ سمجھ کر اپوزیشن کے ساتھ نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے اور ہر طرف ایک عجیب سی صورتحال ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتیں جمہوریت کی بحالی کا نعرہ لگا رہی ہیں، ملک کے طول و غرض میں ہر طبقہ فکر کے لوگ وہ کچھ کہہ رہے ہیں جس کے کہنے پر باچا خان اور ان کے پیروکاروں پر غداری کے فتوے لگتے تھے، وہ جیلوں میں بند اور نظر بند کئے جاتے تھے، ان کو ذہنی اور جسمانی اذیتیں دی جاتی تھیں لیکن شکر ہے آج ساری دنیا نے مان لیا ہے کہ باچا خان اور ان کے پیروکاروں نے ہر دور میں حق اور سچ کا پرچم بلند کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے علاوہ سارا ملک اپوزیشن کا کردار ادا کر رہا ہے ،ہمارے بزرگ ہمیشہ کہتے چلے آرہے ہیں کہ ایک حقیقی جمہوری اور فلاحی ریاست عوام کو امن اور عزت کی زندگی فراہم کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام باشعور، محب وطن، مترقی اور جمہوری لوگوں کو اپوزیشن کی طرف سے عوام کے حق حکمرانی کی جنگ میں پرجوش کردار ادا کرنا چاہئے ‘تاریخ میں ایسے مواقع بہت کم ملتے ہیں جہاں ہر زبان، نسل اور مذہب کے لوگ اپنے جائز حقوق کے لئے متحد ہوئے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام اپنے اور قوم کے بچوں کے روشن اور محفوظ مستقبل کے لئے، جمہوری نظام کی بحالی اور مضبوطی کے لئے میدان میں نکلیں ۔

یہ بھی پڑھیں

جماعت اسلامی نے مہنگائی ، بیروزگاری کیخلاف تحریک کے شیڈول کا اعلان کردیا

اسلام آباد (این این آئی) جماعت اسلامی نے مہنگائی ، بے روزگاری کے خلاف تحریک …

%d bloggers like this: