شہریوں کی حفاظت ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے، فیصل زیب

پشاور(سٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جائنٹ سیکرٹری اور شانگلہ سے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی فیصل زیب خان نے کہا ہے کہ لاپتہ کان کنوں کی لاشوں کا اجتماعی قبر سے ملنا افسوسناک ہے۔ پختون خطے میں یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، شہریوں کی حفاظت ریاست کی اولین آئینی ذمہ داری ہے لیکن ریاست اپنی یہ ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، ان واقعات کی روک تھا م کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔

کوہاٹ میں لاپتہ کان کنوں کی لاشیں اجتماعی قبر سے ملنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ان جیسے دلخراش واقعات میں ملوث کردار انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ دس سال قبل ان غریب اور مزدور کار پختونوں کو کن لوگوں نے اغوا کیا اوران کو قتل کرکیاجتماعی قبر میں دفن کیا؟ عوام یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ ابھی تک ان کی بازیابی کے لئے کیا اقدامات کئے گئے تھے؟ شہری دن دیہاڑے اغوا ہوجائیں اور دس سال بعد ان کی لاشیں ملے کیا دنیا کے کسی اور ملک میں یہ ممکن ہے؟

انہوں نے کہا کہ آج پورے خیبرپختونخوا کیلئے یوم سیاہ ہے اورہر گھر میں ماتم ہے۔ پچھلے ان دس سالوں میں متاثرہ خاندان کس کرب اور اذیت سے گزرے ہوں گے اس کا کوئی اندازہ بھی نہیں کرسکتا۔عوامی نیشنل پارٹی دکھ کی اس اندوہناک گھڑی میں متاثرہ خاندانوں اور شانگلہ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے اس سانحے کی اعلی سطح انکوائری کرائے اور ان تمام کرداروں کو بینقاب کیا جائے جو ان مزدورکاروں کیلاپتہ کرنے سے لے کر قتل میں ملوث رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شانگلہ ایک پسماندہ علاقہ ہے جو ماضی میں فلاحی کاموں سے محروم رہا ہے، اور عوام میں اس حوالے سے احساس محرومی پائی جاتی ہے۔ زیادہ تر عوام کان کنی کے پیشے سے منسلک ہیں۔اس طرح کے واقعات عوام میں احساس محرومی کومزید بڑھا رہے ہیں۔ ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے ان واقعات کا تدارک کرنا ہوگا۔

عوامی نیشنل پارٹی متاثرہ خاندانوں کو یقین دھانی کرواتی ہے کہ انصاف کے حصول تک ان کے شانہ بشانہ جدوجہد کرے گی اور اسمبلی فلور سمیت ہر فارم پر ان کے لئے آواز اٹھائے گی۔

یہ بھی پڑھیں

چترال اورشمالی وزیرستان میں زعفران کی کاشت کاکامیاب تجربہ

پشاور(نیوز رپورٹر)گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کی زیرصدارت زعفران کی کاشت منصوبہ سے متعلق منگل کے روز گورنرہاؤس …