صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، محمود خان

صوبہ میں سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے مختلف ٹیکسوں میں چھوٹ کے علاوہ متعدد دیگر مراعات بھی دی جارہی ہیں، خطاب

پشاور(نیوز رپورٹر)صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان کی زیر صدارت جمعرات کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں پشاور کے علاقے دیر کالونی میں ہونے والے حالیہ بم دھماکے کے تناظر میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری داخلہ اکرام اللہ، کمشنر پشاور امجد علی خان کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے انتظامات اور لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو حکومت کا اہم فریضہ اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے ماحول کو برقرار رکھنے پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

دیر کالونی دھماکے کو صوبے کی امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کو صوبے کے امن و امان کوسبوتاژ کرنے نہیں دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس کو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے سیکیورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے لئے انٹیلی جنس نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔

دریں اثناء برطانیہ میں مقیم پاکستانی اورسیز پاکستانیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ اس وقت ملک اور صوبہ خیبرپختونخوا میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے جو ساز گار ماحول موجود ہے وہ نہ پہلے کبھی تھا اور نہ بعد میں ہوگا، بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے مختلف ٹیکسوں میں چھوٹ کے علاوہ متعدد دیگر مراعات بھی دئیے جارہے ہیں تاکہ بیرونی سرمایہ کاری کو بڑھا کر یہاں کے لوگوں کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں اور معیشت کو مضبوط بنیادوں پر کھڑاکیا جاسکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں سیاحت، پن بجلی، ہاؤسنگ سمیت دیگر متعدد شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاروی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور صوبائی حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں کو ہرممکن تعاون اور سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں مختلف اکنامک زونز کے قیام پر تیز رفتاری کے ساتھ کام کر رہی ہے، ان اکنامک زون کے قیام سے یہ صوبہ تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کا ایک مرکز بن جائیگا۔

ملکی معیشت اور بیرون ملک پاکستان کے بہتر تشخص کو اجاگر کرنے میں اورسیز پاکستانیوں کے کردار کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

PDM Nowshera protest

عمرانی کورونا کو ایک پل بھی ماننے کو تیار نہیں، میاں افتخار حسین

نوشہرہ : عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری و پاکستان ڈیوکریٹک موومنٹ (پی ڈی …