وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کاکور کمانڈر پشاور کے ہمراہ ضلع خیبر کادورہ

باڑہ (نمائندہ شہباز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کے ہمراہ ضلع خیبر کے علاقہ تیراہ کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے 35 کلومیٹر طویل داواتوئی سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

داواتوئی۔ کچکول سڑک کی تعمیر کا منصوبہ اگلے سال مکمل کیا جا ئے گا۔منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف علاقے کی 40 ہزار آبادی آمدورفت کی معیاری سہولیات سے مستفید ہو گی بلکہ اپنی جغرافیائی اہمیت کی بناء پر یہ سڑک علاقے کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کور کمانڈر پشاور کے ہمراہ تیراہ ایجوکیشنل کمپلیکس میں تکمیل شدہ ہاسٹل کی عمارت کا بھی افتتاح کیا۔ ہاسٹل میں 130 کے قریب طلباء جبکہ 30 کے قریب تدریسی عملے کیلئے رہائش کی گنجائش موجود ہے ۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے وادی تیراہ کے علاقے پائندہ چینہ میں قبائلی عمائدین کے ایک جرگے سے بھی خطاب کیا۔

صوبائی وزیر انور زیب، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش، رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی، اراکین صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی اورشفیق شیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنے خطاب میں ضم شدہ اضلاع کی تیز رفتار ترقی کو موجودہ حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ضم اضلاع کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہو ئے ہیں اور حکومت کو ضم اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وہ عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اُٹھا رہے ہیںاور اُن کی بھر پور کوشش ہے کہ اضلاع کیلئے سالانہ 100 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ ضم اضلاع کو ٹیکسوں میں مزید پانچ سال چھوٹ دینے کیلئے معاملہ وزیراعظم کے ساتھ اُٹھایا گیا ہے۔بندوبستی اضلاع میں جتنے بھی دفاتر اور ادارے قائم ہیں وہ سارے دفاتراور ادارے قبائلی اضلاع میں قائم کئے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع کے مسائل کے حل کے لئے سب ڈویژن کی سطح پر جرگے منعقد کئے جائیں گے جبکہ اضلاع میںجرگے کا روایتی نظام برقرار رکھا جائے گا جس کے لئے ضروری قانون سازی کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تیراہ کو الگ سب ڈویژن بنانے کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے جس کے قیام کے عمل کو تیز کیاجائیگا ، تیراہ سب ڈویژن کے قیام سے علاقے کے لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہونگے اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضلع خیبر میں روڈ انفراسٹرکچر کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ضم اضلاع میں پائے جانے والے معدنی وسائل پر پہلا حق یہاں کے لوگوں کا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

بھول جائیں کیپٹن صفدر کو کس نے گرفتار کیا ،جرم دیکھا جائے،شبلی فراز

پشاور ( آن لائن) وزیر اطلاعا ت و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے …

%d bloggers like this: